مصدقہ انٹیلیجنس ذرائع کیمطا بق بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد اب بلوچستان میں وسیع پیمانے پر دہشت گردی کروانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔’’ را‘‘ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اپنی پراکسی تنظیموں کو متحرک کر دیا ہے۔’’را‘‘ نےدہشت گردی کے منصوبے کے تحت کالعدم بی ایل اے، فتنہ الخوارج اور غیر قانونی افغانیوں کو گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں دہشت گردی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
انٹیلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کاروائیوں کیلئے بھارتی ’’را‘‘ نے بی ایل اے اور فتنہ الخوارج کے علاوہ چند اور دہشت گردوں کو افغانستان سے بھی متعلقہ علاقوں میں بھجوا دیا ہے۔مصدقہ اطلاعات کے مطابق، چند خود کش بمباروں کو متعلقہ علاقوں کی ریکی کروا دی گئی ہےجو دہشت گردی کی کاروائی میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا استعمال کر سکتے ہیں۔
انٹیلیجنس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں کئے جانے والے دہشت گردی کے اس مذموم منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور سرگرم ہیں۔ بھارت کی بلوچستان میں دہشت گردی کے واضح اور ناقابل تردید ثبوت پہلے ہی منظر عام پر آ چکے ہیں اور بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروا کر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے۔بلوچستان میں دہشت گردی کے اس بڑے منصوبے کے پیچھے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں بری طرح ناکامی ہے۔