مہم کے دوران ضلع بھر میں 1400 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹی پرتعینات کیا گیا ہے۔
ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں گشت بٹھادیا گیا ہے پولیس اہلکار ہر مشکوک گاڑی اور فرد پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ انسداد پولیو ٹیموں کو کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہ ہو۔ سکیورٹی اہلکاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی ڈیوٹی انتہائی مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیںگے۔
انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی ڈیوٹی کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے تمام علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس فورس کو ہمہ وقت تیار باش رکھا گیا ہے تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے انسداد پولیو مہم کا کامیاب انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔


