مردان کی عوام کیلئے ایک اہم اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) میں صحت کارڈ کے تحت کارڈیک سروسز کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے۔یہ سہولت اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان نے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت کے بعد مشروط طور پر منظور کی ہے۔ جو ابتدائی طور پر 10 جولائی 2025 سے 10 جنوری 2026 تک مؤثر رہے گی۔ اسٹیٹ لائف کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ہسپتال کو کارڈیالوجی خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ایمرجنسی کارڈیک سرجری کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے یہ اجازت مشروط ہے۔
ہسپتال کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مستقبل میں سروسز کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے کارڈیک سرجری کی سہولت بھی فراہم کرے۔ مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں پہلے ہی کورونری کیئر یونٹ (CCU) اور میڈیکل ایڈمیشن کی سہولیات فعال ہیں، جبکہ کیتھ لیب کی سروسز کی مسلسل فراہمی کا انحصار سرجری کی سہولت پر ہوگا۔ اسٹیٹ لائف نے ہسپتال انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ایک تربیت یافتہ انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ، 24 گھنٹے دستیاب کیتھ لیب ٹیکنیشن، اور ایک وقف میڈیکل آفیسر کی دستیابی یقینی بنائیں، اور عملے کی تفصیلات فوری طور پر جمع کرائیں۔ اس اقدام کا مقصد مردان اور گرد و نواح کے لاکھوں افراد کو دل کے علاج کی جدید سہولیات اُن کے اپنے شہر میں فراہم کرنا ہے۔ اگر ہسپتال 10 جنوری 2026 تک درکار رپورٹس اور سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہا، تو کیتھ لیب سروسز معطل کی جا سکتی ہیں۔