آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا یوم دفاع پر پیغام
ڈیجیٹل دہشتگردی اور ففتھ جنریشن وار نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ ہم اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں، ہمارے پرامن اور محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔ پاک فوج کا نصب العین ایمان ، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ نہ صرف ہمارا طرہ امتیاز ہے بلکہ دشمنوں کے عزائم سے نمٹنے کے لئے ہمارا سب سے بڑا ہتھیار بھی ہے۔ ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشتگردی کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ہے۔
ملی یکجہتی کے ساتھ پرعزم رہتے ہوئے ہم ڈیجیٹل دہشتگردی کے خطرے کا بھی بخوبی مقابلہ کر رہے ہیں، وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم متحد رہیں گے، اختلافات کو بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
دنیا جانتی ہے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کا عزم ناقابل تسخیر ہے، وطن عزیز کی حرمت اور دفاع ہمارے لئے مقدم ہے۔ ارض پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے مسلح افواج پرعزم اور مستعد ہیں۔ پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے۔
ہمارا ہر افسر اور سپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے۔ دہشتگردی کے عفریت کو جس بہادری اور جوانمردی سے ہماری افواج نے قابو کیا ہے، وہ کامیابی کسی اور ملک کی فوج کو نہیں مل سکی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر