آرمی چیف کا دورہ وانا اور شہداء کی فاتحہ خوانی ، اہم بریفنگ میں شرکت
پاک فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دے گی ۔ خطاب
ریاست مخالف مذموم سرگرمیوں میں ملوث لوگوں فسادیوں کا پیچھا کرتے رہے گے۔
دہشتگردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو مٹادیں گے۔ آرمی چیف
وزیر اعظم کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ اہم فیصلوں کی توسیع
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اتوار کے روز جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کی فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کی ۔ وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کرتے ہوئے ان کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ جس پر آرمی چیف نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر افسران اور جوانوں سے اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج عوام اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دے کر رہے گی اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر مزید کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ملک میں امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گردوں ، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خاتمے تک پورے عزم کے ساتھ پیچھا کیا جائے گا ۔ قبل ازیں بنوں کینٹ میں پورے اعزاز کے ساتھ شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں اعلیٰ عسکری اور سول اداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسی روز اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملک کی سلامتی اور سیکورٹی صورتحال سے متعلق اہم امور پر ملاقات کرتے ہوئے ان کو تفصیلات فراہم کی جس پر وزیر اعظم نے اظہار اطمینان کرتے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ اس تمام پس منظر میں خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں خصوصاً وزیر ستان ، کرم ، بنوں اور خیبر میں مجوزہ فوجی آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں عنقریب بعض سخت اور غیر متوقع اقدامات کی تیاریاں شروع ہیں۔
عقیل یوسفزئی