Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, June 25, 2025

ڈیرہ پریس کلب میں “بنیان المرصوص کانفرنس” کا شاندار انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان مسلم لیگ ق کی “بنیان المرصوص کانفرنس”، قومی یکجہتی، دفاع اور ترقی کا عزم دہرایا گیا

"Banyan Al-Marsoos Conference" held at Dera Press Club

ڈیرہ اسماعیل خان – پاکستان مسلم لیگ ق کے زیر اہتمام ڈیرہ پریس کلب میں “بنیان المرصوص کانفرنس” کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی، صوبائی اور ضلعی قائدین سمیت ملک بھر سے پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد قومی یکجہتی، ریاستی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عوامی خدمت کے عزم کی تجدید تھا۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی حقوق چوہدری سالک حسین نے کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق نے ملک میں خدمت کی سیاست متعارف کرائی، اور پارٹی ہمیشہ ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی کامیاب دفاعی حکمت عملی نے پاکستان کو عالمی سطح پر باوقار مقام دلایا، اور پوری قوم کو مل کر وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا ہوگا۔

انہوں نے ڈیرہ میں شدید گرمی کے باوجود کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر انتخاب خان چمکنی اور مقامی قیادت کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ ڈیرہ کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے گی ۔پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق حسن نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلم لیگ ق کا پروگرام اس بات کی علامت ہے کہ خیبرپختونخوا میں پارٹی ایک مضبوط قوت بن کر ابھر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا اور ڈیرہ کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔ صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیرہ کے عوام نے قیام امن کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، مگر اب بھی لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت اور بھتہ خوری جیسے مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے گورنر اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ اپنے آبائی ضلع کی حالت زار پر توجہ دیں اور وعدہ کیا کہ آئندہ الیکشن میں ہر حلقے سے مسلم لیگ ق امیدوار کھڑے کرے گی۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں انڈیا کو دفاعی سطح پر مؤثر جواب دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں پارٹی رہنما میر نصیر مینگل کے صاحبزادے کی شہادت کو قومی نقصان قرار دیا ۔

کانفرنس میں پنجاب کے صدر ملک ثمین خان، سندھ کے صدر سرائے نیاز خاصخیلی، اور فیڈرل کیپٹل کے صدر رضوان صادق خان نے بھی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی قومی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ تمام قائدین نے ڈیرہ کی تنظیم، ضلعی صدر شیخ ساجد، مخدوم زادہ پیر منتظر شاہ بخاری، اور شاہد الیاس مروت کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس کے بعد مسلم لیگی رہنماؤں نے مخدوم زادہ سید منتظر شاہ بخاری کی رہائش گاہ اور تھلہ حضرت عباس کا دورہ کیا، جہاں پر انہیں سادات کی سبز چادریں پہنائی گئیں۔ اس موقع پر جامعہ مسجد لاٹو فقیر کے خطیب مولانا غضنفر نقوی نے دعا کروائی، جس میں محرم الحرام کی آمد، ملک و ملت کی سلامتی، اور چوہدری شجاعت حسین کی صحت و عمر درازی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

ڈیرہ پریس کلب میں “بنیان المرصوص کانفرنس” کا شاندار انعقاد

Shopping Basket