Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, February 17, 2026

پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں بیسک ریکروٹ کورس اختتام پذیر

 پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں بیسک ریکروٹ کورس کے اختتام پر شاندار پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج رضوان منظور کی بطور مہمان خصوصی شرکت،
پولیس ٹریننگ کالج ھنگو میں آج بیسک ریکروٹ کورس مکمل کرنیوالے ریکروٹس کی شاندار پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ھنگو رضوان منظور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ خانزیب خان مہمند ڈی پی او ھنگو، عبدالبصیر خان ڈپٹی کمشنر ھنگو، مزمل خان ڈپٹی کمانڈنٹ پی ٹی سی، طارق عمر ایس پی ایڈمن، طارق عثمان چیف لاء انسٹرکٹر اور ارشد حسین کنٹرولر آف ایگزامینیشن سمیت کالج کے لاءانسٹرکٹرز اور مختلف کورسز کے زیرِ تربیت جوانوں بھی تقریب میں کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 527 جوانوں اور خواتین نے کامیابی سے تربیت مکمل کی۔ مہمانِ خصوصی کی پریڈ گراونڈ میں آمد پر فن فیئر بگل بجایا گیا جبکہ پریڈ کمانڈر شفیق خان نے معزز مہمان کو جنرل سلامی پیش کی۔ بعد ازاں تلاوتِ کلامِ پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
جمشید خان ریزرو انسپکٹر نے پاس آوٹ ہونے والے جوانوں سے حلفِ وفاداری لیا جبکہ کمانڈنٹ پی ٹی سی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آﺅٹ ہونے والے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی کورس مکمل کرنے کے بعد ایک ریکروٹ پولیس فورس کا فعال اور ذمہ دار رکن بن جاتا ہے۔ آج آپ نے بطور کانسٹیبل اپنی سروس کا پہلا اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ آنے والے وقتوں میں آپ کی محنت، لگن، قوانین سے آگاہی اور ان پر عمل پیرا ہونے کی صلاحیت آپ کو ترقی کی منازل تک پہنچائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور پیشہ ورانہ دیانت داری پولیس افسران کا طرہ امتیاز ہونا چاہئے ، جس پر ہر جوان کو ہر حال میں عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے پاس آوٹ ہونے والے جوانوں کو نظم و ضبط، فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دینے کی تلقین بھی کی۔ آخر میں پریڈ نے مارچ پاس کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے پر معزز مہمانِ گرامی کو سلامی پیش کی۔ شاندار پاسنگ آﺅٹ پریڈ خیبر پختونخوا پولیس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور عکاسی کررہی تھی۔

پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں بیسک ریکروٹ کورس اختتام پذیر

Shopping Basket