نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ کی دعوت پر اسلام آباد سے بیجنگ روانہ ہو گئے.
وزیرِ اعظم اپنے دورہء چین کے دوران 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون (Third Belt and Road Forum—BRF—for International Cooperation) میں شرکت کریں گے.
بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت گزشتہ دس برسوں میں ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف اور اس کلیدی منصوبے پر پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کریں گے.
وزیرِ اعظم BRF کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ 18 اکتوبر کو Connectivity in an Open Global Economy کے موضوع پر منعقدہ اعلی سطحی فورم سے خطاب کریں گے.
وزیرِ اعظم کی چین میں چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلی چینی قیادت اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی.
وزیرِ اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے.
سنکیانگ اور پاکستان کے عوام کے مابین تعلقات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیرِ اعظم اورمچی کا دورہ کریں گے جہاں وزیرِ اعظم وہاں کے مقامی عمائدین و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے.