سنٹرل جیل بنوں میں نئے سال 2026 کی مناسبت سے قیدیوں کے لیے ایک پُر جوش اور رنگا رنگ اسپورٹس گالا منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد قیدیوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی اور ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم خان تھے، جنہیں سنٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ سمیع اللہ شینواری نے جیل پہنچنے پر پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا۔
اسپورٹس گالا میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں قیدیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ مہمانانِ خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے اس قسم کی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ قیدیوں کی اصلاح، حوصلہ افزائی اور معاشرے میں دوبارہ مثبت کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
آخر میں کامیاب کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر جیل انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔


