پاکستان میں عید الاضحیٰ کی تاریخ کے تعین کے لیے ذوالحج کا چاند دیکھنے کی غرض سے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔
تاہم، قومی خلائی ادارے سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے آج شام چاند نظر آنے کا امکان انتہائی کم ظاہر کیا ہے۔ سپارکو کے مطابق، 27 مئی کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے ہوگی، جس بناء پر اس کا دکھائی دینا مشکل ہے۔
اس جائزے کی بنیاد پر، سپارکو کی پیشگوئی کے مطابق یکم ذوالحج 29 مئی کو متوقع ہے۔ اس حساب سے، پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب، سعودی عرب میں بھی آج ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس منعقد ہوگا۔ سعودی ماہرینِ فلکیات اور متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے آج اپنے اپنے علاقوں میں چاند نظر آنے کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ اگر چاند نظر آ جاتا ہے تو متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو منائی جا سکتی ہے۔ حتمی تاریخوں کا اعلان متعلقہ ممالک کے سرکاری ادارے کریں گے۔