گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں وکلاء برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ قانون کی بالادستی کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لائرز فورم سے وابستہ کامیاب امیدواروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ابرار سعید سواتی، پی ایل ایف کے صوبائی صدر گوہر رحمان ایڈووکیٹ، اور جنرل سیکریٹری لاجبر خان خلیل سمیت دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی تحفظات اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ اتحادی حکومت میں پارٹی قیادت کی جانب سے خیبرپختونخوا کو بھرپور نمائندگی دی گئی، تاہم مزید نشستوں کے حصول سے صوبے کے حقوق میں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی پارٹی کارکنان کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرائی جائے گی، جبکہ وفاقی وزارت قانون سے وکلاء برادری کے لیے گرانٹس کے حصول پر بھی کام کیا جائے گا۔
تقریب میں شرکاء کا خطاب اور تجاویز
تقریب میں مختلف بار کونسلز کے ممبران اور وکلاء نے شرکت کی، جن میں حشمت نواز سدوزئی ایڈووکیٹ، شاہ فہد انصاری ایڈووکیٹ، عزیز اللہ خان، شاہ حسین، امیر نواب، تاج محمد خان، ریاض خان، حماد خان بنگش، غیاث الدین، موسی خان، نوابزادہ عرفان خان، افتخار خان، اور میاں حیدر علی شاہ شامل تھے۔ مقررین نے وفاقی اتحادی حکومت سے متعلق تحفظات اور بار کونسلز کی مزید ترقی کے لیے تجاویز پیش کیں۔
تقریب کے اختتام پر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ شہید بے نظیر بھٹو اور دیگر شہداء کی مغفرت اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔