Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Sunday, June 1, 2025

دونوں سرحدوں پر درپیش چیلنجز

عقیل یوسفزئی
پاکستان پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی جنگی جنون سے نمٹنے کے لیے تمام تیاری مکمل کرچکا ہے اور خطے پر جنگ کے گہرے سائے پھیلتے جارہے ہیں ۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان پر حملے کی تیاریاں شروع کردی ہیں تاہم پاکستان بھی ” وار موڈ ” میں چلا گیا ہے اور پورے خطے کی سیکیورٹی صورتحال بہت پیچیدہ ہوگئی ہے ۔ چینی میڈیا کے مطابق اس صورتحال نے چین سمیت پورے خطے کو خطرات سے دوچار کردیا ہے تاہم بھارت کا رویہ جارحانہ ہے جس سے چینی میڈیا کے بقول چین بھی لاتعلق نہیں رہ سکے گا۔

سنجیدہ بھارتی ماہرین کے مطابق بھارت کو نہ صرف پاکستان کی جانب سے غیر متوقع ردعمل کی صورتحال کا سامنا ہے بلکہ اسے چین اور بنگلہ دیش کی سرحدوں پر بھی سنگین نوعیت کے چیلنجر درپیش ہیں۔

سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، ایران اور روس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے بیک ڈور ڈپلومیسی کے لیے سرگرم عمل ہیں جبکہ امریکی کردار کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں تاہم بھارت ایک واقعے کی بنیاد پر جنگ پر تلا ہوا ہے اور اس کا میڈیا جلتی پر تیل ڈالنے کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ پالیسی پر گامزن ہے اس لیے کسی وقت کچھ بھی ممکن ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے انتہائی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کرنے والے 54 خوارج کو ہلاک کردیا ۔ یہ لوگ ٹولیوں کی شکل میں شمالی وزیرستان میں داخل ہورہے تھے کہ فورسز نے تین اطراف سے ان کو گھیر کر ہلاک کردیا ۔ اس سے ایک روز قبل بنوں میں بھی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ باجوڑ میں بھی ایک کارروائی کی اطلاعات ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ افغانستان میں موجود پاکستان مخالف گروپ پاک بھارت کشیدگی سے فایدہ اٹھانے کی حکمت عملی پر گامزن ہیں تاہم فورسز کی کارروائیوں سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ پاکستان کو نہ صرف ان چیلنجر کا ادراک ہے بلکہ اس کی فورسز ان جنگی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پلاننگ بھی رکھتی ہیں۔

پیر کے روز بھی شمالی وزیرستان ہی کے حسن خیل علاقے میں ایک اور آپریشن کے دوران مزید 17 خوارج کو ہلاک کردیا گیا جس کے نتیجے میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے جبکہ مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
( 28 اپریل 2025 )

دونوں سرحدوں پر درپیش چیلنجز

Shopping Basket