ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی حمید گل کے اسکاؤٹس کی جانب سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت پرنسپل محمد شعیب اور ڈپٹی ڈی او شمس الاسلام نے کی، جبکہ اسکاؤٹس ٹیم انچارج محمد علی عارف کی نگرانی میں طلبہ نے تاجروں اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے پمفلٹس تقسیم کیے۔ واک کے دوران طلبہ نے احتیاطی تدابیر درج پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات ضرور اپنائیں۔ ڈپٹی ڈی او شمس الاسلام نے اس موقع پر کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے ڈینگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں اسکول طلبہ کے ذریعے آگاہی مہم زور و شور سے جاری ہے تاکہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے شعور بیدار کیا جا سکے۔ عوام پر زور دیا گیا کہ کھڑے پانی کے خاتمے اور اردگرد کے ماحول کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
