آرمی پبلک سکول پشاور کا دلخراش واقعہ ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ ہے۔ اے پی ایس کا سانحہ ناقابل فراموش ہے جس نے ہر ایک آنکھ کو اشکبار کیا۔ اس اندوہناک سانحے نے ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی۔اس سانحے نے پوری قوم، حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا۔ اس المناک واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے۔ اس سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔ آج کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ اس دن ان کے جگرگوشے ہمیشہ کے لئے اُن سے جدا ہو گئے۔شہدائے اے پی ایس نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکےگی۔ پوری قوم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔