آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک میں امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری طاقت سے جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں، دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور وہ بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے، برائی کی قوتوں کے خلاف متحد ہیں، سیکیورٹی فورسز کی شاندار کامیابیوں پر بے حد فخر ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پیر کے روز پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو ملک میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فتنہ الخوارج کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، گورنر خیبر پختونخوا بھی شریک تھے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم اور بے مثال قربانیوں کی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قرار دیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور ان کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم سب اس فتنے کے خلاف متحد ہیں، ہمیں سیکیورٹی فورسز کی بے مثال کامیابیوں پر بے حد فخر ہے، ان کی لگن، حوصلے اور بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں اپنی سرحدوں کے اندر اور اس سے باہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کا خاتمہ یقینی بنارہے ہیں۔ ہماری افواج نے انتھک محنت سے دہشت گردوں کے سرکردہ لیڈروں کا تعاقب کرکے ان کا خاتمہ یقینی بنایا ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گرد تنظیموں کے بنیادی ڈھانچے ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنارہی ہیں، یہ اس فتنے کیلئے واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے، یہ جنگ جاری ہے اور ہم اسے اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور وہ بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے۔ حتی کہ ان کی نقصان پہنچانے کی صلاحیت ختم کردی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے، متعدد حملوں کو بروقت ناکام بنانے سمیت امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ پاک فوج کے سربراہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہر آپریشن سیکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرات کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔
آرمی چیف نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا کے سیاستدانوں سے الگ الگ بات چیت بھی کی۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف ایک سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کیخلاف قوم کی لڑائی میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت پر واضح مؤقف اپناتے ہوئے دہشت گرد گروپوں کے انتہا پسندانہ فلسفے کے خلاف ایک متحد محاذ کی ضرورت پر اتفاق کیا۔