کمانڈنٹ کرم ملیشاء تیمور سلطان نے لوئرکرم کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے مشران و عمائدین لوئر و سنٹرل کرم سے ملاقاتیں کیں اور بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔جو آپ کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ لیکن دیکھنے میں آرہا ہے کہ بعض علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت میں مقامی سہولت کار پس پردہ ان لوگوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔ سہولت کاری میں جو لوگ بھی ملوث پائے گئے یا ہوں گے، ان کے خلاف سیکورٹی فورسز کی بلا تفریق و امتیاز کاروائی جاری رہے گی۔ چاہیں وہ جو بھی ہوں سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ لہٰذا پوری قوم اپنے آپ پر اور اپنے علاقے پر رحم کریں اور ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں کھلونا نہ بنیں۔ کس بھی بے گناہ افراد کو گرفتار نہیں کیا جائے گا لیکن کسی بھی سہولت کار کو معاف بھی نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ آپ سیکورٹی فورسز کا ساتھ دیں نہ کہ ملک دشمن عناصر کا بلکہ ان ملک دشمن عناصر کے خلاف کاروائی میں ہمارا ساتھ دیں۔ اُنہوں نے مذید کہا کہ کچھ نادیدہ قوتیں دانستہ یا غیر دانستہ طور پر غلط پروپیگنڈا کرکے فوج اور عوام کے مابین دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف ہمارے ادارے معلومات اکھٹی کر رہے ہیں، لہٰذا عوام اور خصوصاً جوان طبقہ اس پروپیگنڈے کا حصّہ نہ بنیں۔ جہاں بھی مشکوک نقل و حرکت ہو ان کی اطلاع ہمیں ضرور دیں۔ جو لوگ فورسز کے ساتھ تعاؤن کرتے ہیں ان کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے اور ان کے نام صیغہ راز میں رہیں گے۔مشران و عمائدین علاقہ نے اس موقع پر اپنے خدشات اور مشکلات حکام کے سامنے رکھتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی فورسز کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔