مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر عبدالاکرم نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ اساتذہ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت دینے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں دوسری ضروری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور تعلیمی بہتری سے قبائلی اضلاع کے عوام کو انضمام کے ثمرات منتقل ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور غیر سرکاری ادارے آفاق کے زیر اہتمام ریجنل پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سنٹر جمرود خیبر میں کمیونٹی سکولوں کے 80 اساتذہ کی تربیت مکمل کرنے کے بعد احتتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت حیات آفاق کے ڈائریکٹر ٹریننگ عامر زیب اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آر پی ڈی سی کے پرنسپل حنیف الرحمان اور مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دیگر سٹاف بشمول ضلع خیبر کے میل و فیمیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ایم ڈی عبدالاکرم نے کہا کہ اس چار روزہ تربیت میں اساتذہ کو ملٹی گریڈ ٹیچنگ، انگلش، میتھس اور جنرل سائنس مضامین بشمول ریکارڈ کیپنگ اور لسن پلان پر تربیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے علاوہ دیگر قبائلی اضلاع میں بھی یہ تربیت دی جائے گی تاکہ اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تربیت میں مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے 65 سکولوں کی 36 میل اور 44 فیمیل اساتذہ کو تربیت دی گئی جبکہ کمیونٹی سکولوں کے یہ تربیت یافتہ اساتذہ تقریبا چار ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو پڑھائیں گے انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے موجودہ پروگراموں میں نرسری سے گریڈ پانچ تک بچوں کو مفت تعلیم فراہم کر رہی ہے جبکہ اساتذہ کی ماہانہ تنحواہیں بھی فاؤنڈیشن دے رہی ہیں۔ فاؤنڈیشن کے نئے پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پانچویں گریڈ کے بعد طلباء کی ڈراپ آؤٹ ریشو پر قابو پانے کے لئے نئے پروگرام بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ جس کے تحت مڈل تک بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی اور اس ضمن میں تمام قبائلی اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز کو سکولوں کی نشاندہی کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
عبدالاکرم نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کے پاس تربیت کی فراہمی کے لیے بہترین تربیتی ادارے آر پی ڈی سیز کی صورت میں دستیاب ہے اور ان سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے جا رہیں۔ تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ کو سرٹیفیکیٹس بھی دیئے گئے۔