اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کی یاد میں قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر دستور کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور مضبوط ریاستی ادارہ جاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین پاکستان کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ نہ صرف ان حقوق کی وضاحت کرتا ہے بلکہ ان کی فراہمی کے لیے قانونی لائحہ عمل بھی یقینی بناتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشاں علامت ہے، جہاں تمام اکائیاں قومی یگانگت، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے آئینی کردار کو بخوبی ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی باہمی اتفاق اور یکجہتی اللہ تعالیٰ کے اس ملک خداداد پر فضل و کرم کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جس عزت و وقار سے نوازا ہے اس پر پوری قوم شکر گزار ہے، اور ملک اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔


