ضلع خیبر کے علاقہ باڑہ میں فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے منعقدہ نشست میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض، ڈپٹی کمشنر باڑہ، ڈی پی او خیبر اور دیگر اعلی سول و فوجی حکام کے ساتھ بڑی تعداد میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے علاقہ مشران اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ خصوصی نشست میں علاقہ مشران نے امن و امان کے لئے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور دیگر سیکیورٹی کے اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لئے قبائلی بھی ان کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے قبائلی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ پاک فوج اور دیگر قانوں نافذ کرنے والے ادارے قبائلی اضلاع میں امن اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر قبائلی مشران اور نوجوانوں نے امن اور ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ قبائلی شرکاء نے نشست کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی نشستوں کے باقاعدہ انعقاد سے قبائلی عوام اور سیکیورٹی اداروں کے مابین ہم آہنگی کو مزید فروغ مل رہا ہے۔