Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, March 12, 2026

خیبرپختونخوا میں ماڈل سکولز و انسٹیٹیوٹس کی بحالی کا فیصلہ

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں موجود ماڈل سکولز اور ماڈل انسٹیٹیوٹس کی بحالی (ری وائیول) کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماڈل تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے جامع ری وائیول پلان تیار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے جو ماڈل سکولز کو درپیش مسائل، فیکلٹی کی کمی، ہیومن ریسورس اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ضلع ہری پور اور ضلع خیبر میں بھی ماڈل سکولز اور ماڈل انسٹیٹیوٹس کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ معیاری تعلیم کے مواقع کو مزید وسعت دی جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماڈل انسٹیٹیوٹس کی عظمتِ رفتہ کو بحال کر کے انہیں دوبارہ مثالی تعلیمی ادارے بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور صوبائی حکومت تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔

خیبرپختونخوا میں ماڈل سکولز و انسٹیٹیوٹس کی بحالی کا فیصلہ

Shopping Basket