Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, December 2, 2025

قبائلی اضلاع میں فوج کا بارودی سرنگوں کے خاتمے کا آپریشن جاری

پشاور: خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں پاک فوج کی جانب سے بارودی سرنگوں اور بارودی مواد کے مکمل خاتمے کے لیے جاری آپریشن میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فوج کے بہادر جوان جانوں پر کھیل کر پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں کو بارودی سرنگوں سے پاک کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 114 مربع کلومیٹر علاقے میں بارودی مواد کی نشاندہی ہوئی، جس میں سے 82 مربع کلومیٹر مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔

ڈی مائننگ آپریشن کے دوران پاک فوج کو بھاری جانی نقصانات بھی برداشت کرنا پڑے۔ 5 جوان شہید ہوئے جبکہ 115 جوان ہاتھ یا پاؤں سے محروم ہو کر عمر بھر کی معذوری کا شکار ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگیں اور پرانا بارودی مواد علاقے کے رہائشیوں کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔ افسوس ناک طور پر کئی بچے اور نوجوان نادانستگی میں بارودی مواد سے کھیلتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

26 نومبر کو باجوڑ کے گاؤں جنت شاہ میں بھی بارودی مواد پھٹنے سے دو نوجوان جاں بحق ہوئے۔ اس سے قبل بھی باجوڑ، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں اس نوعیت کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

سیکیورٹی اداروں نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کلیئر نہ ہونے والے علاقوں میں غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کیا جائے اور کسی بھی مشتبہ شے کی موجودگی کی فوری اطلاع مقامی انتظامیہ یا سیکیورٹی فورسز کو دی جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ بارودی مواد کے مکمل خاتمے تک احتیاطی تدابیر ہی انسانی جانوں کے تحفظ کا بنیادی ذریعہ ہیں۔

قبائلی اضلاع میں فوج کا بارودی سرنگوں کے خاتمے کا آپریشن جاری

Shopping Basket