راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پہلگام حملے کے بعد بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کے ثبوت فراہم کر دیئے۔
پاکستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے اور بھارت کے بے بنیاد الزام سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی پھیلانے، پاکستانی سرزمین پر دہشت گرد نیٹ ورکس کو چلانے اور ان کی حمایت میں سرگرم ہے۔
بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 25 اپریل کو جہلم بس سٹینڈ کے قریب سے ایک گرفتاری عمل میں آئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ “عبدالمجید نامی ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا، جو مبینہ طور پر بھارت میں تربیت یافتہ تھا۔ حکام نے اس سے ایک ڈرون، ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور 25,000 روپے نقد برآمد کیے ہیں۔ پہلگام حملے کو ابھی سات دن ہو چکے ہیں۔