ایبٹ آبادڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی ایکشن پلان اور گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ غیر قانونی اسلحہ، بارودی مواد اور کرش پلانٹس میں ہونے والی بلاسٹنگ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ اسی طرح غیر قانونی شہریوں، جعلی شناختی کارڈ ہولڈرز، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اور جعلی خبروں کی روک تھام، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، غیر رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز، اینٹی انکروچمنٹ مہم اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی پٹرول پمپس کو سیل کیا جائے اور تمام گوداموں کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو خصوصی ہدایت دی گئی کہ این سی پی گاڑیوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن و نگرانی، این جی اوز اور این پی اوز کی جانچ پڑتال اور غیر قانونی اداروں کے خلاف سخت اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔مزید برآں، اجلاس میں گداگروں کی بحالی کے اقدامات، غیر ملکی طلبہ کی مانیٹرنگ و میپنگ، موبائل نیٹ ورکس کی بہتری، علمائے کرام کی مشاورت و رہنمائی کو شامل کرنے اور تعلیمی اداروں میں حب الوطنی کے پروگرامز کے انعقاد پر بھی زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر امن و امان، عوامی تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
