ملک بھر کی طرح ضلع مہمند میں بھی 78واں یومِ آزادی اور معرکۂ حق بھرپور جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ مہمند میں تقریبات کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی، یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور شہداء وطن و بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر مہمند آفس میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر مہمند یاسر حسین، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند اکرام اللہ PSP، اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز لیاقت علی، ڈی ایس پی سیکیورٹی نادر شیر، پولیس افسران اور علاقائی مشران نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں پرچم کشائی کے موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور فضا “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔
اپنے خطاب میں ڈی پی او مہمند اکرام اللہ نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اس قربانی، اتحاد اور عزم کی یاد دلاتا ہے جس کی بدولت ہمیں یہ آزاد وطن حاصل ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس نہ صرف امن و امان کی ضامن ہے بلکہ ملکی سالمیت اور ترقی کے لیے ہر وقت تیار اور قربانی دینے کو بھی ہمہ وقت آمادہ ہے۔تقریبات کے اختتام پر ڈی پی او مہمند اور ڈپٹی کمشنر مہمند نے تمام شرکاء، ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی دن کو یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منانا ہی اصل کامیابی ہے۔ بعد ازاں گورنمنٹ گرلز اسکول چاندہ اور غلنئی گرلز سیکنڈری اسکول میں طالبات نے جوش و جذبے سے لبریز خوبصورت ملی نغمے پیش کیے، جنہوں نے فضا کو وطن سے محبت کے جذبے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجا دیا۔ تقریب کے موقع پر ڈی پی او مہمند اکرام اللہ PSP نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق اور قوم کی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کے لیے کارآمد شہری بن سکیں۔ ڈی پی او نے آزادی کی قدر، اس کے لیے دی گئی قربانیوں اور ایک خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں نوجوان نسل کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔