ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند اکرام اللہ (PSP) نے اپنے دفتر میں ضلع بھر کے مختلف تھانوں اور چوکیوں سے آئے ہوئے پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد فورس کی کارکردگی، درپیش مسائل اور فلاحی امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اس موقع پر پولیس افسران و اہلکاروں نے ڈی پی او کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے متعلق مختلف امور اور عملی چیلنجز سے آگاہ کیا۔ ڈی پی او مہمند نے تمام مسائل نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ شعبہ جات و افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی پی او مہمند کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، تاکہ اہلکار مزید دلجمعی، نظم و ضبط اور مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے اور اس اعتماد کو قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
