پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے میں انرجی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں غیر ضروری بجلی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے نئی پابندیوں سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق انرجی ایمرجنسی کا نفاذ شام کے اوقات میں توانائی کی بچت کو ممکن بنانے کے لیے کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق ابتدائی طور پر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ہوگا۔
اعلامیے کے تحت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تمام بازار، شاپنگ پلازے اور کمرشل مراکز رات 9 بجے تک بند کر دیے جائیں گے جبکہ رات کے اوقات میں ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیاں بھی 9 بجے تک ختم کرنا ہوں گی۔
اسی طرح دیگر اضلاع میں تمام بازار، شاپنگ پلازے اور کمرشل سرگرمیاں رات 8 بجے تک بند کرنا لازم ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق ریسٹورنٹس، کیفے اور دیگر کھانے پینے کے مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
مزید برآں شادی ہالز، مارکیٹس، ایونٹ ہالز اور دیگر تقریبات کو بھی رات 10 بجے تک اختتام پذیر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد توانائی کے استعمال کو مؤثر بنانا اور ممکنہ توانائی بحران سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔


