Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, February 5, 2026

5 فروری یوم یکجہتی کشمیر ڈیرہ پریس کلب کے باہر ریلی

5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈیرہ پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی ڈیرہ کی جانب سے ریلی کا انعقاد پروفیسر ابراہیم اور جماعت اسلامی کے عہدیداران و پارٹی ورکرز نے شرکت کی اس موقع پر سابق صدر ڈیرہ پریس کلب لالہ یاسین، و عہدیداران محمد عثمان٫ ماجد برکی، محمد سعد سہیل، اور پریس کلب ممبران موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ 1948 میں قبائلی عوام نے پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر کشمیر کا ایک بڑا حصہ آزاد کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 1989 میں امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمدؒ کی اپیل پر 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا آغاز ہوا، جس کے بعد یہ دن مسلسل منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 1989 سے قبل مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں کشمیری عوام نے واضح طور پر بھارت کے ساتھ رہنے کے فیصلے کو مسترد کیا اور انتہائی کم ووٹ ڈالے گئے، جو عوامی رائے کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام پرامن سیاسی اور جمہوری راستے محدود کر دیے ہیں۔
پروفیسر ابراہیم نے اقوام متحدہ کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی ادارہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں ریفرنڈم کرا سکتا ہے تو کشمیر میں کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت کیوں نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اس معاملے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی سیاسی اور ریاستی قیادت کو سنجیدہ اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ہو گی تاکہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو عالمی سطح پر نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیر کے مسئلے کو ہر فورم پر اجاگر کیا جاتا رہے گا۔

5 فروری یوم یکجہتی کشمیر ڈیرہ پریس کلب کے باہر ریلی

Shopping Basket