اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی منظوری کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پانچ سال کے لیے پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد متعارف کرائے گئے اس نئے عہدے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جگہ لے لی ہے، جو 27 نومبر کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا تھا۔
صدر نے اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی بھی منظوری دی، جس کا اطلاق ان کی موجودہ مدت ختم ہونے کے بعد 19 مارچ 2026ء سے ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جدید جنگی تقاضوں کے مطابق یہ تقرری ایک اہم قدم ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند رکھا ہے۔ وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں توسیع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فضائیہ نے ان کی قیادت میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز مقامی میڈیا پر اس تقرری سے متعلق ایک نوٹیفکیشن سامنے آیا تھا، تاہم چند لمحوں بعد اسے جعلی قرار دے کر واپس لے لیا گیا۔ بعدازاں ایوانِ صدر اور وزیراعظم آفس کی جانب سے باضابطہ منظوری کا اعلان کر دیا گیا۔


