Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, December 24, 2025

فیلڈ مارشل کا واضح پیغام اور خیبرپختونخوا کو درپیش چیلنجز

عقیل یوسفزئی
پاکستان کے طاقت ور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں علماء ، مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ جہاد کے فیصلے اور فتویٰ کا اختیار اسلامی ریاست کے پاس ہوتا ہے اور ان خوارج کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا جو کہ افغانستان کی سرزمین سے حملے کرکے ہمارے بچوں کو نشانہ بناتے آرہے ہیں ۔
فیلڈ مارشل نے افغانستان کی عبوری حکومت کو ” وارننگ” دیتے ہوئے کہا افغان حکومت کو پاکستان اور خوارج میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خدا نے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے جو کہ پاکستان کا اعزاز ہے ۔ انہوں نے بین السطور میں ملک کو عدم استحکام سے دوچار ہونے والے عناصر کو بھی اپنا ” قبلہ” درست کرنے کا مشورہ دیا ۔
تجزیہ کار فیلڈ مارشل کی ان ” پوائنٹس” کو ملک کے اندرونی استحکام اور بیرونی چیلنجز کے تناظر میں واضح ڈائریکشن اور وارننگ سے تعبیر کرتے ہوئے اپنے تبصروں میں کہا ہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت کو عملاً کوئی بڑا چیلنج درپیش نہیں ہے اور یہ کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید سخت اقدامات متوقع ہیں ۔
جس روز وہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس سے چند گھنٹے قبل جہاں ایک طرف سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے دو علاقوں ڈی آئی خان اور بنوں میں آپریشن کرتے ہوئے دو کمانڈرز سمیت 9 خوارج کو ہلاک کردیا تو دوسری جانب اس طرح کی اطلاعات بھی زیر گردش رہیں کہ ریاستی اداروں نے خیبر اور تیراہ کے عمائدین اور عوام کو دہشت گردوں کے خلاف مجوزہ آپریشن پر اعتماد میں لیا ہے اور غالب امکان یہ ہے کہ آئندہ چند دنوں میں تیراہ آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو ۔
تشویش ناک امر یہ کہ اس اہم مرحلے کے دوران جنگ زدہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی کانفرنس میں جہاں اپنے بانی کی ہدایت پر ایک مجوزہ احتجاج میں صوبائی حکومت کے لیڈنگ رول کا اعلان کیا وہاں پارٹی کے مرکزی رہنما اپنے بیانات میں پھر سے پشتونوں کو ” بہادر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشتون اور صوبائی حکومت نے ہی بانی پی ٹی آئی کی کال کو ممکن بنانا ہے ۔
اس صورت حال میں لگ یہ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو پھر سے میدان جنگ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور صوبائی حکومت کو صوبے کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

فیلڈ مارشل کا واضح پیغام اور خیبرپختونخوا کو درپیش چیلنجز

Shopping Basket