قبائلی ضلع خیبر کے تمام اقوام سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 114 ملک و مشران نے جرگے میں شرکت کی۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی ایف سی کے پی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج سمیت دیگر سرکاری اور فوجی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ قبائل کے ساتھ مسلسل مشاورت سے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تیراہ میدان میں پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ کی صلاحیت بڑھانے کا منصوبہ ہے اور تیراہ میدان میں ترقیاتی منصوبے جن میں سڑکوں کی تعمیر، زرعی ترقی، پانی کی فراہمی، سولرائزیشن، تحصیل انتظامیہ کی صلاحیت بڑھانا وغیرہ شامل ہیں جلد شروع کیے جائیں گے۔
چیف سکیرٹری خیبر پختو نخوا کا کہنا تھا 13,500 ٹی ڈی پیز کو معاوضہ ادا کیا گیا ہے جبکہ باقی متاثرین کی ادائیگی جاری ہے۔ اس موقع پر ملک و مشران نے خیبر کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔ عمائدین نے کہا کہ عام طور پر خیبر اور خاص طور پر تیراہ میدان کی ترقی کے لیے امن و استحکام کی بحالی ضروری ہے۔ قبائلی عمائدین نے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کا اعادہ کیا اور حکومت سے اپنے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے اختتامی ریمارکس میں آئی جی ایف سی کے پی نارتھ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے کہا کہ کسی کو بھی خیبر خصوصاً تیراہ میدان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آخر میں شرکاء نے آئی جی ایف سی کے پی نارتھ اور چیف سیکرٹری کے پی کا کامیاب جرگے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔


