Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, April 8, 2026

خیبرپختونخوا میں بائیک اور سکوٹر مالکان کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا اعلان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور سکوٹر مالکان کے لیے “احساس فیول سپورٹ اسکیم” کے تحت ماہانہ 2000 روپے فیول سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی موٹر سائیکل اور سکوٹر کی ملکیت کی منتقلی کی فیس بھی معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ اقدام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جس سے صوبے بھر میں لاکھوں شہری براہِ راست مستفید ہوں گے۔

اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور سکوٹر مالکان کو ماہانہ 2000 روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ رقم براہِ راست جاز کیش کے ذریعے صارفین کو منتقل کی جائے گی۔ حکام کے مطابق صرف وہی افراد اس سہولت کے اہل ہوں گے جن کی موٹر سائیکل یا سکوٹر ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہوگا۔

رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو دستک ایپ کے ذریعے درخواست دینا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو ایپ گوگل پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے بعد موٹر سائیکل یا سکوٹر کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس نمبر درج کر کے شناختی کارڈ، بائیک کارڈ اور گاڑی کی تصاویر اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ درخواست جمع کرانے کے بعد قریبی مرکز پر بائیو میٹرک تصدیق مکمل کی جائے گی، جس کے بعد منظوری کی صورت میں ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

حکومت کے مطابق یہ اسکیم عوامی ریلیف، سفری سہولت اور معاشی دباؤ میں کمی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ شہری مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے دستک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بائیک اور سکوٹر مالکان کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا اعلان

Shopping Basket