کوہاٹ:جی او سی 9 ڈویژن میجر جنرل زلفقار علی بھٹی کی سربراہی میں ہیڈکوارٹر 9 ڈویژن کوہاٹ میں واتیزئی قبیلے کے ملک و مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر کوہاٹ مہتسم بللہ، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت، ڈپٹی کمشنر کرّم اشفاق خان، اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر عامر نواز اور واتیزئی ویلفیئر کمیٹی کے 18 نمائندگان نے شرکت کی۔
جرگے کے دوران واتیزئی ویلفیئر کمیٹی نے بتایا کہ 37 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو علاقائی ترقی، سماجی بہبود اور سیکیورٹی امور کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی نے علاقائی امن و امان کو برقرار رکھنے اور سڑکوں کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا، ساتھ ہی اسلحے کے اجازت ناموں کی منظوری اورآئی ڈی پیز (IDPs) کی جلد واپسی کا مطالبہ بھی کیا۔
شرکاء نے جنگی حالات کے دوران ہونے والے نقصانات پر معاوضے کی درخواست کی اور متعدد بنکروں کی مسماری پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ باقی بنکروں کی نشاندہی بھی کی۔ مسجد بگن کی بحالی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے، مسجد تلوکنج کی مرمت کی درخواست کی گئی۔
جی او سی میجر جنرل زلفقار علی بھٹی نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام اولین ترجیح ہے کیونکہ تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے واتیزئی کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور اسے مزید بااختیار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ باقی بنکروں کی مسماری خیبر معاہدے کے تحت کی جائے گی اور اسلحے کے اجازت ناموں پر متعلقہ اداروں سے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو ٹل اور ڈوگر میں ہونی والی آرمی اور فرنٹیئر کور کی بھرتیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی، اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے کو فروغ دینے کے لیے رابطہ کمیٹیوں کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
جرگے کا اختتام ضلع کرّم، پاکستان اور پاک فوج کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کے ساتھ کیا گیا۔