Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, July 19, 2025

جی او سی نائن ڈویژن کی کرم اور ہنگو کے نوجوانوں سےملاقات

ہنگو کے علاقے ٹل میں واقع ڈویژنل ٹیکٹیکل ہیڈکوارٹرز میں جی او سی نائن ڈویژن میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی کی زیر صدارت لوئر کرم، سنٹرل کرم اور ہنگو کی نمائندہ یوتھ آرگنائزیشنز کے نوجوانوں کے ساتھ ایک اہم اور بامقصد نشست کا انعقاد کیا گیا۔

اس خصوصی ملاقات کا مقصد نوجوانوں کے خیالات سننا، ان کے مسائل کو براہِ راست جاننا اور کرم کی ترقی، امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنا تھا۔

اجلاس میں شریک نوجوانوں نے تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، امن و امان اور معاشرتی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی اسکول اور اسپتال غیر فعال ہیں، عملہ غیر حاضر رہتا ہے، زمینوں کے تنازعات تشویش ناک حد تک بڑھ چکے ہیں، خواتین کی تعلیم نظر انداز ہو رہی ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔

میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے نوجوانوں کے جذبے اور مسائل بیان کرنے کے انداز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سویلین اداروں کی ذمہ داری ہے، لیکن پاک فوج ان مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کرے گی اور نوجوانوں کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچائے گی۔

جی او سی نے اس بات پر زور دیا کہ کرم میں دیرپا امن صرف انفراسٹرکچر سے ممکن نہیں، بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی رواداری اور مثبت سوچ اپنانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ “معاہدہ کوہاٹ” کو سنہری موقع سمجھیں اور اس کے تحت جاری امن کوششوں میں بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے نوجوانوں کو آگاہ کیا کہ ان کے مطالبات، خصوصاً تعلیمی سیمینارز کے انعقاد اور خواتین کے لیے آرمی اسکول و کالجز کے قیام کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کا ایک مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا تاکہ علاقائی اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔

نشست کے اختتام پر تمام شرکاء نے کرم، ہنگو اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

جی او سی نائن ڈویژن کی کرم اور ہنگو کے نوجوانوں سےملاقات

Shopping Basket