Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, July 2, 2025

چترال میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کا پُروقار افتتاح

چترال میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کا پُروقار افتتاح، فنی تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا عہد
چترال: چترال کے نوجوانوں کے لیے فنی تعلیم کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں گورنمنٹ ٹیکنیکل سنٹر بوائز چترال سے متصل “گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ” کی افتتاحی تقریب نہایت تزک و احتشام سے منعقد ہوئی۔ اس پُروقار تقریب میں علمی، فنی، انتظامی اور سماجی حلقوں کے نمائندگان کے علاوہ معزز مہمانوں اور مقامی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض معروف معلم اور ادبی شخصیت عبدالوکیل سوز کٹھانہ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا برائے فنی تعلیم جناب طفیل انجم تھے، جبکہ صدارت کی ذمہ داری منیجنگ ڈائریکٹر KP-TEVTA محترم ملک منصور قیصر نے نبھائی۔
مہمانانِ خصوصی نے ادارے کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اسے چترال کے نوجوانوں کے لیے ایک سنگِ میل اور روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ کامرس کالج چترال کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین نے کہا کہ یہ ادارہ فنی تعلیم کے میدان میں چترال کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جو نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر ان کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر چترال لوئر، جناب محسن اقبال نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی افادیت اور اس کے سماجی و معاشی اثرات پر روشنی ڈالی اور اسے علاقائی ترقی کے لیے ایک قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔ ڈائریکٹر ورکس اینڈ پی اینڈ ڈی، جناب خالد عثمان وزیر نے منصوبے کی تکنیکی تفصیلات پر بریفنگ دی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو انجینئرز اور ورکرز کی انتھک محنت کا ثمر قرار دیا۔
ادارے کے پرنسپل، جناب رحمت کریم نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا حکومت، KP-TEVTA اور ایف ایف کنسٹرکشن کمپنی کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شب و روز محنت نے اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔ اُن کا خود کا کردار بھی منصوبے کی کامیابی میں کلیدی رہا۔
تمام مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ چترال نہ صرف نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرے گا بلکہ انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل ہونے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ علاقے کے عوام نے اس ادارے کے قیام کو ایک بڑی تعلیمی پیش رفت قرار دیا ہے۔

چترال میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کا پُروقار افتتاح

Shopping Basket