مردان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع مردان کے علاقے رستم کا دورہ کیا جہاں وہ دریائے سوات میں ڈوبنے والے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے۔
گورنر نے سانحہ سوات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سانحہ سوات ایک انتہائی دلخراش واقعہ تھا جس پر پوری قوم افسردہ ہے، اور متاثرہ خاندان کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو اللہ تعالیٰ صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔
گورنر نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے سوات سانحہ پر ان کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ دیکھا۔
فیصل کریم کنڈی نے دریائے سوات میں پیش آنے والے واقعے کو صوبے میں سیاحتی سہولیات پر ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ سوات کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہونی چاہئے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
گورنر نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم اور چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات میں سفارش کی ہے کہ سانحہ سوات کے متاثرین کو وفاقی حکومت مالی امداد فراہم کرے اور جانیں بچانے والے بہادر جوانوں کو سول ایوارڈ دیے جائیں۔