یومِ شہداء پولیس کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خصوصی پیغام میں خیبرپختونخوا پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام اپنی پولیس پر فخر کرتے ہیں، جس کے بہادر سپاہیوں نے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، ہمارے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی مادر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بھٹو خاندان کا یہ مشن آج بھی ہزاروں کارکنوں کی قربانیوں کے ذریعے زندہ ہے، اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد صدر آصف علی زرداری کے نعرہ “پاکستان کھپے” کے تحت اس مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
گورنر نے شہدائے پولیس کے ورثاء کو یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنے ان محسن بیٹوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر امن کی شمع روشن کی۔ انہوں نے “آپریشن بنیان المرصوص” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معرکہ حق تھا، جس میں افواجِ پاکستان نے ملک کی عزت، سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے وطن کے دفاع پر مامور پاک افواج کو بھی سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے تمام شہداء کی مقروض ہے۔ گورنر نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا مشن جاری رہے گا اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔