Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, August 30, 2025

اپر چترال: یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی شاندار تقریبات

پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح ضلع اپر چترال میں بھی مملکتِ خداداد پاکستان کا 78واں یومِ آزادی اور معرکۂ حق انتہائی جوش و جذبے، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تقریبات گورنمنٹ آف خیبرپختونخوا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل اپر چترال جناب مفتاح الدین صاحب کی نگرانی میں ضلع بھر کے تمام سکولوں میں منعقد ہوئیں۔ دن کا آغاز صبح سویرے پرچم کشائی، قومی ترانے اور خصوصی دعا سے ہوا، جس کے بعد طلباء و طالبات نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، ملی نغمے، حب الوطنی سے بھرپور تقاریر اور رنگا رنگ ٹیبلو پیش کیے۔ ہر سکول میں فضا “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی، جب کہ مرکزی تقریب گورنمنٹ ہائی سکول بونی میں منعقد ہوئی، جو ضلع کا سب سے بڑا اور شاندار پروگرام تھا۔

مرکزی تقریب میں صدرِ محفل ڈی ای او میل اپر چترال جناب مفتاح الدین صاحب اور مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب حسیب الرحمن خان خلیل شریک ہوئے۔ گیسٹ آف آنر میں اے ڈی سی معظم بنگش، ڈی پی او اپر چترال حمیداللہ، اسسٹنٹ کمشنر شجاعت علی، اسسٹنٹ کمشنر ناظم الدین، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر احسان اللہ افریدی، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، اے ڈی ای او سپورٹس ذوالفقار علی یفتالی، عنایت اللہ، اے ڈی او فیمیل, شمشیر ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر ڈاکٹر شمس الاسلام، پروگرام ہیڈ حجرہ، ایس ڈی پی او مستوج راجا خان، ڈی ایس پی نصیر اللہ، سکول پرنسپل احمد ولی درانی، پریس کلب اپر چترال کے صدر محمد علی، صحافی حضرات، اساتذہ کرام، سکول کے پی ٹی سی اراکین اور کثیر تعداد میں طلباء و طالبات شامل تھے۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ اس کے بعد سکول پرنسپل احمد ولی درانی نے خطبۂ استقبالیہ اور ادارے کی جائزہ رپورٹ پیش کی۔ طلباء و طالبات کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ اسٹیج پر لہراتے سبز ہلالی پرچم، اساتذہ و طلباء کے چہروں پر چمکتی خوشیاں، اور ہال میں گونجتے ملی نغمے ایک ولولہ انگیز فضا قائم کر رہے تھے۔ حاضرین بار بار تالیوں کی گونج سے بچوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

تقریب کے دوران سکول کے میٹرک امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات اور پروگرام میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو ٹرافیز اور میڈلز سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں حجرہ ویلج سپورٹ آرگنائزیشن اور کا خصوصی تعاون حاصل رہا۔مہمانِ خصوصی اور مقررین نے پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور معرکۂ حق میں شہید ہونے والوں کو یاد کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر وطن کی سلامتی، یکجہتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی۔ فضا “پاکستان زندہ باد” اور “ہم پاکستانی ہیں” کے نعروں سے گونج اٹھی، اور ہر دل عزمِ نو کے ساتھ گھروں کو لوٹا کہ وطن کی آزادی اور حق کی سربلندی کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔

اپر چترال: یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی شاندار تقریبات

Shopping Basket