انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ہری پورکا دورہ کیا۔ ہری پورپہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی ،ڈی پی او ہری پور فرحان خان اورایس پی انوسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے نئی تعمیر ہونے والے ہری پور پولیس لائنز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا کو نیو پولیس لائنز کی بلڈنگز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انسپکٹر جنرل نے لائنز کے تمام شعبہ جات کا معائینہ بھی کیا۔ بعد ازاں آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس لائنز ہری پور میں پولیس افسران و جوانان کے ایک دربار سے خطاب کیا۔ دربار میں پولیس کی مختلف یونٹ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ضلعی پولیس اور لیڈیز پولیس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے جس نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے نے پیش کیے۔ پولیس کے انفراسٹرکچر اور پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر کے لیے عملی طور پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔صوبے کو امن کا گہوارہ بنانا میرا مشن ہے۔دہشت گردوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف عوام کا اعتماد حاصل کریں اور عوامی پولیسنگ کو فروغ دیکر ڈیوٹی ادا کریں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کی ڈیوٹی عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی آسانی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موقع پر فوری اقدامات اُٹھائیں۔ ہر قسم کے حالات میں محنت اور ایمانداری کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اللّٰہ تعالیٰ انہیں قدم قدم پر کامیابی و کامرانی عطا کرے گا۔ آئی جی پی نے کہا کہ مشکل اور مصیبت میں مبتلا عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے پولیس کو رجوع کرتے ہیں۔ اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ تمام سائلین کیساتھ خندہ پیشانی اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور بڑے حوصلے اور بردباری سے ان کے مسئلے سنیں۔ آپ کے اچھے روئیے سے سائل کی آدھی پریشانی ختم ہو جاتی ہے۔دربا ر کے شرکاءکو مزید ہدایت کی گئی کہ عوام کے مابین چھوٹے چھوٹے تنازعات کے حل کے لئے بروقت اقدامات اُٹھائیں اور اس مقصد کے لئے بنائی گئی تنازعات کے حل کے کونسلوں (DRCs)اور پبلک لیزان کمیٹیوں کا وقتا فوقتا جائزہ لیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے اور حالات کار بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ دربار میں پولیس افسران و جوانان نے اپنے ذاتی و اجتماعی مسائل پیش کئے۔ آئی جی پی نے تمام مسائل توجہ سے سنے جن میں سے بعض کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ باقی مسائل پر متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کی۔ دریں اثناءآئی جی پی نے ضلع ہری پور کے پارلیمنٹرینز، زعمأ، چیمبرآف کامرس اور ڈی آر سی کے ممبران سے ملاقات بھی کی۔اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کی تعریف کی
