اسلام آباد: پاکستان میں سیاحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت اسلام آباد اور نتھیاگلی کے درمیان پہلی لگژری ہیلی کاپٹر سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ نجی کمپنییوں کی جانب سے متعارف کئے گئے سروس کا مقصد خصوصا غیر ملکی سیاحوں کو آرام دہ، تیز اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس سروس کے ذریعے اسلام آباد سے نتھیاگلی کا تقریباً تین گھنٹے طویل اور تھکا دینے والا زمینی سفر اب صرف 20 سے 30 منٹ کی پُرسکون فضائی پرواز میں طے کیا جا سکے گا۔ ہیلی کاپٹر میں ایک وقت میں 6 مسافروں کی گنجائش موجود ہے، جبکہ راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی قیمت 1,050 ڈالر فی کس مقرر کی گئی ہے۔ مسافر اس دوران گلیات کے خوبصورت پہاڑی سلسلوں اور قدرتی مناظر کا فضائی نظارہ بھی کر سکیں گے۔
ماہرینِ سیاحت کے مطابق اس نوعیت کے منصوبے نہ صرف پاکستان میں ایڈونچر اور لگژری ٹورازم کو فروغ دیں گے بلکہ ملکی و غیر ملکی اعلیٰ درجے کے سیاحوں کو بھی راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس سروس کے آغاز سے شمالی علاقہ جات تک رسائی مزید آسان، تیز اور باوقار ہو گئی ہے، جو پاکستان کے سیاحتی شعبے کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔


