ضلع کرم کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

ضلع کرم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی بحالی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوئر کرم میں گزشتہ روز پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ، لوئر کرم کے چار گاؤں، اوچت، مندوری، داد کمر اور بگن کو عوام کے تحفظ کے پیش نظر خالی کرایا جائے گا، تاکہ کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ ان علاقوں کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشنز کیے جائیں گے۔

اجلاس میں کرم میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے انہیں شیڈول فور میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں، کرم میں بدامنی پھیلانے والے عناصر اور ان کے ماسٹر مائنڈز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ گزشتہ روز کے واقعے کے پیش نظر کرم میں جاری امدادی رقوم کی تقسیم کو وقتی طور پر معطل کر دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، علاقے میں غیر قانونی بنکرز کی مسماری کے عمل کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں امن معاہدے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ضلع کرم سے غیر قانونی اسلحے کے خاتمے کی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، امن معاہدے کے تحت قائم امن کمیٹیوں کو اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر طریقے سے نبھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket