آج ملک سعد شہید پولیس لائنز میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد اور کمانڈر 102 بریگیڈ بریگیئر مبشر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ پشاور میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (PSL 2026) میچز کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک پلان اور تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر کوآرڈینیشن پر تفصیلی بات کی گئی۔ کھلاڑیوں، وی آئی پی، شائقین اور دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیڈیم اور اطراف میں سی سی ٹی وی، اینٹی ڈرون سسٹم، واک تھرو گیٹس، ناکہ بندی اور بم ڈسپوزل یونٹس کی تعیناتی کی جائے گی۔ ایلیٹ فورس، اے ٹی ایس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس اور دیگر ادارے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مسلسل گشت کریں گے۔ متبادل ٹریفک پلان اور پارکنگ انتظامات شہریوں کی سہولت کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ سی سی پی او پشاور نے کہا: “پشاور میں PSL جیسے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کا امن و امان کے ساتھ انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام ادارے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔” پشاور پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل ہے کہ تعاون کریں اور سب کا لطف محفوظ بنائیں۔


