Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, July 22, 2025

آئی جی پی خیبر پختونخوا کا زخمی ڈی پی او ہنگو کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ پشاور کادورہ

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آج کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (CMH)پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز ہنگو میں فتنہ الخوراج کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان کی عیادت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع ہنگو کے حساس علاقوں زرگری، شناوڑی سمیت دیگر علاقوں میں فتنہ الخوراج کی موجودگی کی اطلاعات پر مبنی ایک مربوط انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن عمل میں لایا گیا۔ اس دوران ڈی پی او ہنگو نے خود میدان میں موجود رہ کر آپریشن کی قیادت کی اور فرنٹ لائن سے انتہائی جرات و بہادری کے ساتھ دشمن کا سامنا کیا۔ اسی جرات مندانہ مقابلے میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے۔ آئی جی پی نے سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج ڈی پی او محمد خالد خان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کی فرض شناسی، بہادری اور غیر معمولی جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او محمد خالد خان نے جس بصیرت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن کو فرنٹ سے لیڈ کیا وہ خیبر پختونخوا پولیس کی جرات مندانہ روایتوں کا مظہر ہے۔ وہ نہ صرف ایک فرض شناس افسر ہیں بلکہ فورس کے ہر افسر و جوان کے لیے رول ماڈل بھی ہیں۔ ڈی پی او ہنگو کی جانب سے فرنٹ لائن پر قیادت کرنا اور جان کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہونا بہادری، اعلیٰ قیادت اور فرض کی ادائیگی کی روشن مثال ہے۔ محمد خالد خان کا جرات و شجاعت پر مبنی کردار پولیس کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔آئی جی پی نے ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود سینئر ڈاکٹروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی ڈی پی او پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے بہترین علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور ان کے لیے تمام ممکنہ طبی سہولیات اور جدید علاج معالجے کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پرآئی جی پی زخمی افسر کے ہسپتال میں موجود خاندان کے افرادسے بھی ملے اور انہیں یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا پولیس دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید نے زخمی افسر کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد آخری حد تک جاری رکھے گی اورعوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا کا زخمی ڈی پی او ہنگو کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ پشاور کادورہ

Shopping Basket