محکمہ تعیلم میں ای نوٹیفکیشن سسٹم کا اجرا
سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد خالد نے ای نوٹیفکیشن سسٹم کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس سسٹم کے تحت محکمہ تعلیم کے تمام نوٹیفکیشنز اب آن لائن جاری کیے جائیں گے جس سے نہ صرف کاغذ کی بچت ہوگی بلکہ دفتری امور کو بروقت نمٹانے میں بھی مدد ملے گی۔
افتتاحی تقریب میں اسپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم عبدالباسط، ڈپٹی ڈائریکٹر ای آئی ایم ایس صلاح الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر نورشیر آفریدی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری تعلیم نے بٹن دبا کر سسٹم کا افتتاح کیا اور اس اقدام کو محکمہ کے لیے سنگ میل قرار دیا۔
محمد خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام افسران اس سسٹم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور آئندہ کوئی بھی اعلامیہ اس نظام کے بغیر جاری نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر سمیت تمام نوٹیفکیشنز صرف ای نوٹیفکیشن کے ذریعے ہی جاری کیے جائیں جبکہ ماضی کے مینوئل طریقہ کار کو منسوخ کردیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے باقاعدہ سرکولر بھی جاری کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ اور اضلاع کی سطح پر بھی اس سسٹم کو توسیع دی جائے تاکہ افادیت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ محکمہ کے ملازمین کی سہولت اور تقرری و تبادلوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ای ٹرانسفر پالیسی کو بھی جلد بحال کیا جائے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ای آئی ایم ایس نورشیر آفریدی نے کہا کہ ای نوٹیفکیشن سسٹم سے غلط پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا راستہ بند ہوگیا ہے اور اس جدید نظام میں تمام ضروری و اہم معلومات دستیاب ہیں، جس سے محکمہ کو کئی مسائل سے نجات ملے گی۔