ضلع اورکزئی میں کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس کی صدارت میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر، ضلعی انتظامیہ اور علاقے کے معتبر مشران و عمائدین نے شرکت کی۔ جرگے کا مقصد ضلع میں امن و قانون کی صورتحال کو بہتر بنانا اور عوامی سطح پر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس نے مقامی مشران کو ہدایت کی کہ کسی بھی دہشتگرد یا مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع سیکیورٹی فورسز کو دی جائے۔ انہوں نے خاص طور پر زور دیا کہ نوجوانوں اور بچوں کو دہشتگرد گروہوں سے دور رکھنے کے لیے مؤثر رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے، جبکہ گاؤں، بازاروں اور جنگلات میں کسی بھی مشکوک یا غیر ملکی شخص کی موجودگی فوری طور پر متعلقہ اداروں کو رپورٹ کی جائے۔
کمانڈنٹ نے کمیونٹی پر واضح کیا کہ دہشتگرد عناصر کو کسی قسم کی سہولت، خوراک یا پناہ فراہم کرنا ناقابلِ قبول ہے اور اس سے علاقے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار امن ممکن ہے۔ جرگے کے دوران مقامی کمیونٹی کے ساتھ اتحاد و یکجہتی قائم رکھنے اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ اس موقع پر مشران اور عمائدین نے انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


