مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار “ژوندون او پی ڈی کارڈ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے. اس کارڈ کے تحت صوبے کے مستحق شہریوں کو معائنہ، تشخیص اور ادویات سمیت مکمل او پی ڈی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احتشام علی نے کہا کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور پی ٹی آئی حکومت عوام کا حق ان کی دہلیز تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے۔
مشیر صحت نے کہا کہ اس سے قبل صحت کارڈ پلس کے ذریعے صرف داخل مریضوں کو سہولیات دی جا رہی تھیں، لیکن اب “ژوندون” کارڈ کی بدولت او پی ڈی علاج بھی بالکل مفت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے عام آدمی کیلئے مفت علاج کا جو وعدہ کیا تھا۔ عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ژوندون” کارڈ صرف ایک سہولت نہیں بلکہ غریب اور مستحق افراد کے لیے باعزت زندگی کی ضمانت ہے۔
یہ پروگرام فی الحال مردان، کوہاٹ، ملاکنڈ اور چترال کے اضلاع میں جرمن ادارے KFW کے تعاون سے پائلٹ بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے۔ جس کیلئے صوبائی حکومت نے 2 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ عوام اپنی اہلیت جانچنے کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 9930 پر ایس ایم ایس کر کے تصدیق کر سکتے ہیں۔