Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, September 19, 2025

کالاش وادی میں اخلاقی سیاحت کے فروغ کے لیے انسپشن میٹنگ

کالاش وادی میں سیاحت کے بہتر انتظام اور مقامی ثقافت کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کلاشا پیپلز ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (KPDN) کے زیر اہتمام اور اے کے آر ایس پی کے تعاون سے بمبوریت (موموریت) میں “کالاش وادی میں اخلاقی سیاحت” کے موضوع پر ایک روزہ پروجیکٹ انسپشن میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں، ٹور آپریٹرز، گائیڈز، طلبہ اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد وادی میں پائیدار اور ذمہ دار سیاحت کے فروغ کے لیے ایسی حکمتِ عملی تیار کرنا تھا جس کے ذریعے سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی اقدار اور روایات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چھ ورکنگ گروپ تشکیل دیے گئے جنہوں نے چارٹس کے ذریعے تجاویز پیش کیں۔ سفارشات میں سیاحتی مقامات پر صفائی، انفارمیشن پوائنٹس کا قیام، مقامی گائیڈز کی تربیت اور سیاحوں کے لیے اخلاقی ضابطۂ اخلاق کی تیاری شامل تھی۔

تقریب میں ٹورزم ڈیپارٹمنٹ، کالاش ویلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پولیس، میوزیم، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ ٹور آپریٹرز اور ٹور گائیڈز نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے تجویز دی کہ دوباژ چیک پوسٹ پر ٹورزم انفرمیشن کاؤنٹر ریسیپشن قائم کیا جائے تاکہ سیاحوں کی رجسٹریشن، معلومات کی فراہمی اور ہجوم کے بہتر انتظام کو ممکن بنایا جا سکے۔ منصوبے کے تحت سیاحوں کے لیے اخلاقی ضابطۂ اخلاق تیار کیا جائے گا، مقامی نوجوانوں کو گائیڈ اور میزبان کے طور پر تربیت دی جائے گی، اور کمیونٹی و سیاحوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے آگاہی سیشنز رکھے جائیں گے۔ اسی منصوبے کے تحت یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے تین روزہ ورکشاپ جبکہ ٹور گائیڈز کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ سیاحت کی مثبت تشہیر اور معیاری رہنمائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ میٹنگ کے اختتام پر شرکاء نے اس اقدام کو وادی کی معیشت اور ثقافت دونوں کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کالاش وادی میں اخلاقی سیاحت کے فروغ کے لیے انسپشن میٹنگ

Shopping Basket