گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ان کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خود ارادیت دلوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ہمارا ایمان ہے کہ ظلم کبھی دیرپا نہیں رہتا۔ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔


