Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, April 3, 2026

مردان میں افغان شہریوں کے زیرِ انتظام غیر قانونی کاروبار بند کرنے کی ہدایت

 اسسٹنٹ کمشنر مردان نے تحصیل مردان کی حدود میں افغان شہریوں کے زیرِ انتظام غیر قانونی کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر آفس مردان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ایسے تمام کاروباری مراکز جو افغان شہریوں کی جانب سے بغیر قانونی اجازت کے چلائے جا رہے ہیں، انہیں فوری طور پر بند کر کے خالی کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں شہر کے تمام بازاروں کی تاجر یونینوں کے صدور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کی ہدایات اور مروجہ قوانین کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ بغیر قانونی اجازت کے افغان شہریوں کے زیر انتظام کاروبار فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے مارکیٹ اور بازاروں کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر تمام ایسے کاروباری مراکز بند کروا کر دکانیں خالی کرائیں۔

اسسٹنٹ کمشنر آفس نے ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر اس فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی جمع کرائی جائے۔ مراسلے کے مطابق ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد اور سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید برآں اس حوالے سے ممکنہ آپریشن کے دوران پولیس کی معاونت کے لیے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سٹی مردان کو بھی مراسلے کی کاپی ارسال کی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر مناسب پولیس نفری فراہم کی جا سکے۔

مردان میں افغان شہریوں کے زیرِ انتظام غیر قانونی کاروبار بند کرنے کی ہدایت

Shopping Basket