ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں انٹر ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس ویک کا آغاز ہو گیا ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہے گا، جس میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے طلباء و طالبات پر مشتمل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اسپورٹس ویک کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیل طلباء و طالبات کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور نوجوانوں کو نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر تحصیل میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جا رہے ہیں۔ تاج محمد خان ترند نے مانسہرہ کے ٹھاکرہ اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرکے مکمل اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے یوتھ پالیسی کو ازسر نو ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کے نوجوانوں کی آراء شامل کی جائیں گی۔ مشیر کھیل نے اسپورٹس ویک کے کھلاڑیوں کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ زلمے ویمن کرکٹ لیگ کی فاتح ٹیم ہزارہ ڈیفوڈلز کے لیے 1 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے اسپورٹس ویک کے انعقاد پر انتظامیہ اور ڈائریکٹر اسپورٹس کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔


