Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, August 4, 2025

اسلامیہ کالج پشاور میں داخلوں کا شیڈول جاری، کلاسز کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا

اسلامیہ کالج پشاور نے انٹرمیڈیٹ سطح پر سال 2025 کے داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ حُفاظ طلبہ کے لیے الگ ٹیسٹ کی تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، حافظِ قرآن طلبہ کیلئے انٹری ٹیسٹ 11 اگست کو ان طلبہ کیلئے ہوگا۔ جن کے مارکس 1100 ہیں، جبکہ 12 اگست کو وہ طلبہ ٹیسٹ دیں گے جن کے مارکس 1099 یا اس سے کم ہیں۔ پروویژنل میرٹ لسٹ 13 اگست کو جاری کی جائے گی اور فائنل میرٹ لسٹ 16 اگست کو دوپہر 12 بجے کے بعد جاری کی جائے گی۔

طلبہ و طالبات کے انٹرویوز مقررہ تاریخوں میں لیے جائیں گے۔ لڑکوں کے انٹرویوز 20 سے 28 اگست تک مختلف مضامین کے لیے ہوں گے جن میں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، جی سی ایس، ہیومینیٹیز، اسلامیات، اور اقلیتی و خصوصی کوٹہ جات شامل ہیں۔ لڑکیوں کے انٹرویوز 18 اور 19 اگست کو یونس ایمرسن ہال، اسلامیہ کالج پشاور میں ہوں گے۔ کلاسز کا باقاعدہ آغاز 9 ستمبر 2025 سے ہوگا، جبکہ نئی شیڈول ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔

فیسوں کے حوالے سے تفصیلات کے مطابق اوپن میرٹ پر پری میڈیکل کے لیے سالانہ فیس 60,000 روپے مقرر ہے، جبکہ پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، اور جی سی ایس کی فیس 57,150 روپے سالانہ رکھی گئی ہے۔ ہیومینیٹیز اور دینیات کی فیس 52,340 روپے مقرر ہے۔ سیلف سپورٹ اسکیم کے تحت پری میڈیکل کی سالانہ فیس 135,100 روپے، پری انجینئرنگ 131,600 روپے، اور کمپیوٹر سائنس 131,600 روپے مقرر کی گئی ہے۔

کالج نے ریفنڈ پالیسی بھی واضح کی ہے جس کے تحت کلاسز شروع ہونے کے پندرہ دن تک مکمل فیس واپس لی جا سکتی ہے، جبکہ 16 سے 30 دن کے اندر نصف فیس کی واپسی ممکن ہے۔ تاہم، کلاسز کے آغاز کے ایک ماہ بعد کسی بھی قسم کی فیس واپس نہیں کی جائے گی۔ رجسٹریشن فیس ناقابل واپسی ہوگی۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخوں پر انٹرویو دینا لازمی ہے، بصورت دیگر داخلے کا حق ختم ہو جائے گا۔

مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے کالج کی ویب سائٹ www.icp.edu.pk ملاحظہ کریں۔

اسلامیہ کالج پشاور میں داخلوں کا شیڈول جاری، کلاسز کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا

Shopping Basket